ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گاندھی خاندان کی کانگریس قیادت پر سوال اٹھانا افسوسناک: سدارامیا

گاندھی خاندان کی کانگریس قیادت پر سوال اٹھانا افسوسناک: سدارامیا

Mon, 24 Aug 2020 11:01:18    S.O. News Service

بنگلورو،24؍اگست(ایس او  نیوز)سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے کانگریس کی قیادت کے مسئلہ پر جاری رسہ کشی اور پارٹی کی قیادت کر نے کے لئے گاندھی خاندان کی صلاحیتوں پربعض حلقوں سے سوالات کھڑا کئے جانے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کے جمہوری نظام کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے، ایسے مرحلے میں کانگریس پر یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ جمہوریت، آئین اور سکیولرزم کی حفاظت کرے۔ لیکن اس مرحلہ میں اگر پارٹی کی قیادت کے متعلق پارٹی کے حلقوں میں ہی سوالات کھڑے ہونے لگے تو اس سے پارٹی کے متعلق عوام میں غلط تاثر قائم ہو گا۔ پارٹی کے 23قائدین کی طرف سے کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس سے قبل ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے، اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی قیادت کی ذمہ داری ایک فعال رہنما کو ملنی چاہئے۔

سدارامیا نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ کچھ قائدین نے پارٹی کے لئے گاندھی خاندان کی قیادت پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی ہار کے بعد اس کی ذمہ داری لیتے ہوئے راہل گاندھی نے پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ د ے دیا تھا اور اس کے بعد سے سونیا گاندھی پارٹی کی عبوری صدر ہیں۔ کانگریس کے متعدد رہنماؤں نے سونیا گاندھی کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ پارٹی میں ہرسطح پر بدلاؤ کی ضرورت ہے۔ اس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی ہے کہ ملک کی نوجوان نسل بی جے پی سے جڑ رہی ہے، ایسے میں پارٹی کے لئے فعال قیادت کی ضرورت پر انہوں نے زور دیا ہے۔


Share: